راولپنڈی (ملت آن لائن + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے شہر مزار شریف میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں،انھیں شکست دیں گے ۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے شہر مزار شریف میں فوجی اڈے پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کاا ظہار کیا۔آرمی چیف نے دہشتگرد حملے پر افغان سیکورٹی فورسز اور برادر افغان قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ دہشتگرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں ہم انھیں شکست دیں گے ۔واضح ہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ کے صدر مقام مزار شریف میں طالبان کے حملے میں 140افغان فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔حکام کا کہنا ہے کہ فوجی وردیوں میں ملبوس تقریبا 10 حملہ آوروں نے فوجی کیمپ پر حملہ کردیا جس کے بعد دونوں دہشت گردوں نے پہلے مسجد اور بعدازاں کھانا کھانے کے مقام پر فوجیوں پر گولیاں برسائیں۔