قومی دفاع

آرمی چیف کی کابل کے ملٹری ہسپتال پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

راولپنڈی (ملت + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ملٹری ہسپتال پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے علاج سمیت دیگر معاونت کی پیشکش کردی ۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائر یکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہاکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل کے ملٹری ہسپتال پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان سفیر سے حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کااظہار کیا اور زخمیوں کے علاج سمیت دیگر معاونت کی پیشکش کی جس پر افغان سفیر ڈاکٹر عمر زخیل وال نے انکے جذبے کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل کے ملٹری ہسپتال پر دہشتگردوں کے حملے میں 49افراد ہلاک اور75زخمی ہوگئے تھے اور حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی ۔