اسلام آباد (آن لائن) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر نہ ہونے کی وجہ سے او آئی سی کی سائنس و ٹیکنالوجی کمیٹی کا اجلاس پاکستان میں منعقد نہ ہو سکا ان خْیالات کا اظہار انہوں نے اراکین اسمبلی نعیمہ کشور ، شاہدہ اختر علی ، عالیہ کامران ، آسیہ ناصر اور مولانا امیر زمان کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کیا ۔ مشیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان او آئی سی کی قائمہ کمیٹی سائنس و ٹیکنالوجی کا چیئرمین ہے اور اس کمیٹی کا اجلاس گزشتہ سال پاکستان میں ہونا تھا جس کے لئے دعوت نامے بھی ارسال کر دیئے گئے تھے تاہم بڈہ بیر میں ایئربیس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد بہت سے ممالک کی جانب سے کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کی اطلاعات آئی تھی جس کے بعد پاکستان نے کانفرنس منسوخ کر دی تھی اور اب او آئی سی کے اجلاس میں قازقستان نے سائنس و ٹیکنالوجی کانفرنس کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی جس پر پاکستان نے آمادگی کا اظہار کر دیا ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور اس سال سارک کانفرنس کا انعقاد بھی پاکستان میں ہو گا ۔