اسلام آباد ۔ 09 نومبر (ملت + اے پی پی) فاٹا سیکرٹریٹ نے خیبر ایجنسی کے آپریشن ضرب عضب میں متاثر ہونے والے گھروں کو معاوضہ جات کی ادائیگی کیلئے ایک ارب 29کروڑ 44لاکھ روپے پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی کو جاری کردیئے ہیں۔ بدھ کو تعلیم و بحالی کے پروگرام منیجر حماد خان نے اے پی پی کو بتایاکہ آپریشن ضروب عضب میں متاثر ہونے والے خیبر ایجنسی کے بے گھر افراد کے مکانات کے نقصان کا اندازہ لگانے کیلئے سروے ٹیمیں سروے کررہی ہیں جبکہ اب تک خبیر ایجنسی کے3782 گھروں کاسروے کیا گیا ہے جس میں 2872مکانات مکمل تباہ قرار دیئے گئے ہیں جبکہ 910 مکانات کو جزوی قرار دیا گیاہے ۔ انہوں نے کہاہک آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں متاثر ہونے والے گھروں کا سروے جاری ہے تاہم فاٹا سیکرٹریٹ کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے خیبر ایجنسی کے بے گھر افراد جن کے مکانات کو آپریشن ضرب عضب کے دوران نقصان پہنچا تھا ان کو معاوضہ جات کی حوالگی کیلئے ایک ارب 29کروڑ 44لاکھ روے خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کردیئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بے گھر افراد کو معاوضہ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے تاہم خیبر ایجنسی کے بے گھر افراد کو مکانات کی دوبارہ تعمیر کیلئے جلد معاوضہ ادا کردیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب میں فاٹا کے دیگر متاثرہ علاقوں کا سروے جاری ہیں جبکہ معاوضہ جات کی ادائیگی کا سلسلہ بھی مرحلہ وار جاری ہے ۔ آپریشن سے متاثر ہونے والے گھروں کی دوبارہ تعمیر کا مختلف علاقوں میں آغاز ہو چکاہے۔