اسلام آباد ۔ (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری دفاع چوہدری جعفر اقبال نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے تحت طے کردہ اہداف حاصل ہو رہے ہیں‘ شمالی وزیرستان میں آپریشن آخری مراحل میں ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب کے اہداف حاصل ہو رہے ہیں اور یہ ایک مسلسل عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے آخری مرحلے کے آغاز کی ہدایت کی ہے ۔اس آپریشن کے دوران بہت سے لوگوں نے جان و مال کی قربان دی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس آپریشن پر کثیر فنڈز استعمال ہوئے تاہم ملک کی سلامتی کے لئے ایسی قربانیاں دینی ضروری ہیں۔