اسلام آباد:(اے پی پی)وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ دہشتگرد راہ فراراختیارکررہے ہیں اور آسان اہداف کونشانہ بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے سعودی مجلس شورٰی کے چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ بن محمد الشیخ نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات گہرے اورپرانے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے۔ پاکستانی پارلیمنٹ آج ماضی کے مقابلے میں زیادہ فعال ہے۔ مسلم لیگ ن نے ناصرف بلدیاتی الیکشن بلکہ تمام ضمنی انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو بجلی بحران خراب صورتحال اور بدحال معیشت ورثے میں ملی۔آج صنعتوں کے لیے بجلی کی لوڈشیڈنگ مکمل طورپر ختم ہوگئی ہے،گھریلو صارفین کے لیے بھی لوڈشیڈنگ میں بہت حد تک کمی آئی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ فارن ریزرو موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اتفاق رائے کے بعد ملک میں آپریشن ضرب عضب شروع کیاگیا۔ ضرب عضب آپریشن کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔دہشتگرد فراراختیارکررہے ہیں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔