نیویارک (آئی این پی )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حدود میں ڈورن حملہ پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہے، ڈرون حملے نے کئی اہم سوالات کو جنم دیا ،افغانستان کے مسائل کو حل کرنا افغان حکومت کی ذمے داری ہے،افغانستان اپنے مسائل خود حل کرے، دوسروں کو ملوث کرنا بند کرے ، افغانستان میں پناہ لینے والے دہشت گردوں کو افغان حکومت پاکستان کے حوالے کرے،پاکستان سے فرارہوکرافغانستان میں پناہ لینے والوں کے ٹھکانوں کوختم کرناہوگا۔سلامتی کونسل میں افغان صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ حالیہ ڈرون حملہ کرکے مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی پاکستانی کوششوں کوسبوتاژ کیاگیا ہے جبکہ افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مسائل خود حل کرے اور دوسروں کو ملوث کرنا بندکرے۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اوربین الاقوامی اتحاد تحریک طالبان کیخلاف کارروائی کرے اور پاکستان سے فرارہوکرافغانستان میں پناہ لینے والے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ٹھکانوں کو ختم کرکے سرحد پار فرار ہونیوالے مطلوب دہشتگردوں کو پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ پاکستانی مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف افغان سفیر کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیادہیں۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پناہ لینے والے دہشت گردوں کو افغان حکومت پاکستان کے حوالے کرے۔پاکستان سے فرارہوکرافغانستان میں پناہ لینے والوں کے ٹھکانوں کوختم کرناہوگا۔انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ افغان مہاجرین آج بھی پاکستان میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بارڈر کو ریگولیٹ کرنیکوغیرقانونی کہناکسی صورت مناسب نہیں۔پاکستان کسی کی بھی جانب سے خودمختاری اورسالمیت کی خلاف ورزی برداشت نہیں کریگا۔ ملیحہ لودھی نے افغانستان میں ہلاکتوں اور دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی۔