اسلام آباد: (اے پی پی) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان میں متعین افغانستان کے سفیر حضرت عمر زاخیل وال کو بدھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور افغان فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے آفیسر میجر علی جواد خان چنگیزی کی شہادت پر پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا۔ افغان حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اس بلا اشتعال فائرنگ کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ معاہدے کے تحت پاکستان اپنے سرحدی علاقے میں لوگوں اور گاڑیوں کی آمدورفت کو ریگولیٹ کرنے کیلئے تعمیراتی کام کر رہاتھا۔ انہوں نے افغان فورسز کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے جاری بلا اشتعال فائرنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ فائرنگ موثر بارڈر منیجمنٹ کیلئے تعمیراتی سرگرمیاں سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔سیکرٹری خارجہ نے افغانستان کے ان الزامات کو مسترد کیا کہ پاکستان کی تعمیراتی سرگرمیاں معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ گزشتہ ماہ افغان حکام کے ساتھ ملاقات میں باہمی رضامندی کے بعد پاکستان نے اپنے علاقے میں تعمیراتی کام شروع کیا تھا۔