لاہور:(آئی این پی) حساس اداروں نے ایک مراسلہ کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی ہے کہ ملا منصور کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے ’’تحریک طالبان افغانستان ‘‘ کے دہشت گرد 17 رمضان المبارک کو کارروائی کرسکتے ہیں۔ حساس اداروں کی اطلاع پر پنجاب پولیس نے لاہور سمیت پنجاب کے اہم شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے، حساس اداروں نے اطلاع دی ہے کہ ’’تحریک طالبان افغانستان‘‘ نے ملا منصور کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے امریکا، اس کے اتحادی ممالک اور پاکستان کے خلاف کارروائی کے لیے ایک گروپ تشکیل دیا ہے جو پاکستان میں یوم البدر 17 رمضان کے موقع پر دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرسکتا ہے، یہ گروپ تحریک طالبان پاکستان کے دیگر ارکان کو بھی پاکستان کے خلاف کارروائی کے لیے اکسا رہا ہے۔ مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے تحریک طالبان پاکستان کے ممبران سے ملاقات کی اور ملا منصور کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا، اس موقع پر امیر جماعت الحرار عمر خالد خراسانی، عاصم عمر امیر’’ آکس‘‘ عمر خطاب ’’کمانڈر آکس‘‘ اور استاد اسلم بھی موجود تھے۔ حساس اداروں کی اطلاع پر آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے، 10 اضلاع کو حساس بھی قراردیا گیا ہے۔