قومی دفاع

افغان فورسزکی بلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے:خواجہ آصف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر حفاظتی انتظامات پاکستان کی سلامتی کیلئے ناگزیر ہیں، افغان سرحد پر کھلے عام نقل و حرکت کی اجازت نہیں دے سکتے۔ پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ طور خم بارڈر پر افغان فورسز کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کا واقعہ قابل مذمت ہے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان کی طرف سے فائرنگ پر موثر جوابی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحد کی موثر مینجمنٹ ضروری ہے، کسی کو بغیر روک ٹوک اور قانونی ضابطوں کے بغیر سرحد پر آمدورفت کی اجازت نہیں دے سکتے، حفاظتی انتظامات پاکستان کی سلامتی کیلئے ناگزیر ہیں، سرحد پر سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں۔(اح)