اسلام آباد:(اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ طالبان نےافغان مہاجرین کو استعمال کیا کیونکہ افغان مہاجرین کی شکل میں طالبان کو پناہ گاہیں مل جاتی ہیں۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم ڈبل گیم کھیل رہے ہیں جوغلط ہے، ہم امن پسند قوم ہیں اور افغانستان میں امن کی خواہش رکھتے ہیں، ہمارے دل افغانستان کے لیے دھڑکتے ہیں،ہم نے افغانیوں کے ساتھ اپنے گھر اور دسترخوان بانٹے ہیں،عالمی برادری تین ڈالر سالانہ فی مہاجر دے کر سمجھتی ہے کہ اس نے اپنا کام کر دیا، ہمیں افغان بھائیوں سے ہمدردی ہے لیکن ہمیں 30 لاکھ مہاجرین کے بدلے کچھ نہیں ملا، افغان مہاجرین کےبوجھ کے باعث ملکی معیشت کو100ارب کاخسارہ برداشت کرناپڑا۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ طالبان نےافغان مہاجرین کو استعمال کیا، افغان مہاجرین کی شکل میں طالبان کو پناہ گاہیں مل جاتی ہیں، یہ لوگ خالی ہاتھ سرحد پار کرتے ہیں اور دوسری جانب جا کر لڑتے ہیں،واپسی پر وہ پھر شریف آدمی دکھائی دیتے ہیں، اس کے علاوہ مہاجرین منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی میں استعمال ہوتے ہیں، اس کے لئے سرحدوں پر نگرانی کے نظام کو موثر بنانا ضرروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کےدرمیان کچھ اختلافات موجود ہیں، باہمی مفادات کےحصول کےلیے مل کر آگے بڑها جاسکتا ہے، خطے میں استحکام کےلیےعالمی برادری پاکستان اورافغانستان کی مدد کرے۔