اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر چیلنجز کی وجہ سے افغان مہاجرین کی مزید میزبانی نہیں کرسکتے، پاکستان نے تیس سال تک افغان مہاجرین کی بے مثال میزبانی کی ،سماجی واقتصادی اورسیکورٹی چیلنج مہاجرین کی میزبانی کی راہ میں رکاوٹ ہیں،عالمی برادری مہاجرین کی واپسی کے لئے مو ثرکرداراداکرے۔ وہ اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرینڈی سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی تبدیلی کے بعد مہاجرین کی واپسی کیلئے ماحول سازگار ہے، تاہم وسائل کی کمی کی وجہ سے واپسی کا عمل سست روی کا شکار ہے۔ اس سلسلے میں عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی مسائل کے باعث بارڈر مینجمنٹ ناگزیر ہوچکی ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے کمشنر نے پاکستان میں افغان مہاجرین کی بہترین میزبانی کو قابل تحسین قرار دیا اور ان کی جلد وطن واپسی میں تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔