اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں افواج پاکستان نے گزشتہ 3 سالوں کے دوران دہشت گردوں اور شدت پسندوں کیخلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جن کا پوری دنیا اعتراف کرتی ہے، عمران خان کا تماشا دنیا میں ملک کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہا ہے۔ پیر کو وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں قائد ملت لیاقت علی خان کے یوم شہادت کے حوالے سے تقریب سے خطاب اور بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ تحریک پاکستان کا جذبہ نوجوانوں میں منتقل کرنے کیلئے قائداعظم محمد علی جناح کے تحریک پاکستان کے ساتھیوں کی تحریک پاکستان کیلئے کوششوں اور قربانیوں سے انہیں آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان کی شخصیت نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، وہ ریاست کرنال کے نواب تھے لیکن پاکستان بننے کے بعد انہوں نے یہاں پر ایک گھر کا بھی کلیم نہیں کیا۔ جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنا سب کچھ جنگ آزادی پر قربان کر دیا ہے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی خوبصورت عمارت لیاقت علی خان کا گھر تھا جو انہوں نے پاکستان کیلئے وقف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آزادی کے وقت سے پاکستان کے وجود کا سخت مخالف رہا اور یہ اس کے خلاف سازشیں کرتا رہا جس کی وجہ سے مشرقی پاکستان آج بنگلہ دیش بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان ہی وہ لیڈر تھے جنہوں نے امریکا میں یہ واضح الفاظ میں کہا کہ ہمارا نظام اسلامی ہو گا۔ ان کا ایمان مضبوط تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں دو قسم کے خیالات پائے جاتے ہیں ایک وہ لوگ ہیں جو طاقت کی بناء پر پاکستان کا وجود ختم کرنا چاہتے ہیں اور دوسرے وہ لوگ ہیں جو اس نظریئے پر قائم ہیں کہ دونوں ممالک کو اتنا قریب کر دو کہ ان کے درمیان لائن ہی ختم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دو الگ الگ ملک ہیں ہمارے ہیرو ان کے ویلن اور ان کے ہیرو ہمارے ویلن ہیں، وہ گائے کی پوجا کرتے ہیں، ہم گائے کا گوشت کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نظام عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے ہونا چاہیئے۔ دنیا کی کوئی طاقت اس کا وجود ختم نہیں کر سکتی، یہ ملک ہمیشہ قائم رہنے کیلئے بنا ہے۔ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ بھارت شروع دن سے ہی چین پاکستان اقتصادی راہداری کا مخالف تھا اور وہ اس کو ناکام بنانے کیلئے سازشیں کر رہا ہے، اس کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ عمران خان کے بلاوجہ روز روزکے تماشا سے عالمی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، پہلے بھی جب انہوں نے دھرنا دیا تو وہ یہ کہتے تھے کہ یہاں کوئی اقتصادی راہداری نہیں بن رہی۔ چینی صدر پاکستان کا دورہ نہیں کر رہے لیکن اس کے بعد سب نے دیکھا کہ اقتصادی راہداری بھی شروع ہو گئی اور چین کے صدر نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اب وہ پھر ایک نیا ڈرامہ رچانے جا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ ظفر الحق نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں گزشتہ تین سالوں کے دوران افواج پاکستان نے ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں اور کامیابیاں حاصل ہوئیں جن کا اعتراف پوری دنیا کر رہی ہے۔ تقریب سے سیکرٹری جنرل لیاقت علی خان میموریل سوسائٹی محفوظ النبی، اکرم ذکی اور نسیم عثمانی نے بھی خطاب کیا اور لیاقت علی خان کی زندگی اور تحریک آزادی کیلئے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔