راولپنڈی: (اے پی پی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اورخطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پاک،چین اقتصادی راہداری منصوبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ منصوبے کا ہرقیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ پاکستان پر آئے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سیاسی بیورو کے رکن ژینگ چن ییان نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل چیف راحیل نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے جڑے تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے۔ کمیونسٹ پارٹی کے رہنماژینگ چن ییان نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال کردار ادا کیا۔ آپریشن ضرب عضب پاکستانی افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کیلئے نیا روشن باب ہوگا۔ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کیلئے دور رس نتائج کا حامل ہوگا جبکہ پاکستان اور چین کے عوام کواقتصادی راہداری سے بے پناہ معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔