کراچی:(اے پی پی) نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کے لئے گیم چینجر ہے اور بحریہ اقتصادی راہداری منصوبے کی سیکیورٹی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ کراچی شپ یارڈ میں فاسٹ اٹیک کرافٹ کی پاک بحریہ میں شمولیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ کا کہنا تھا کہ بحری جہاز کی پاکستان میں تیاری پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب پہلا قدم ہے، بحری جہازوں کی نیول فلیٹ میں شمولیت سے نہ صرف ہماری سرحدیں محفوظ ہوں گی بلکہ ملکی دفاع بھی مضبوط ہوگا۔ ایڈمرل ذکا اللہ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کے لئے گیم چینجر ہے، راہداری منصوبے سے ملکی معیشت میں انقلاب برپا ہوگا، اقتصادی راہداری منصوبے کے لئے سمندری حدود کی حفاظت بہت ضروری ہے اور اس کے لئے پاک بحریہ ہمہ وقت تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ فاسٹ اٹیک کرافٹ چین کے تعاون سے جاری کیا گیا ہے اور شپ یارڈ میں چین کے تعاون سے مزید کام جاری ہے۔