نئی دہلی:(آئی این پی ) بھارتی حکومت نے ایک بارپھر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واویلا مچایا ہے کہ چین آزاد کشمیر میں اپنی سرگرمیاں بند کرے، ہم نے آزادکشمیر میں چینی سرگرمیوں کے معاملے پر اپنی تشویش سے بیجنگ حکام کوآگاہ کردیا۔ وزیر مملکت برائے امورخارجہ وی کے سنگھ نے راجیہ سبھامیں تحریری جواب میں کہاکہ چین نام نہاد اقتصادی راہداری منصوبے کی تیاری میں پاکستان کی مددکررہا ہے اور اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت اسکے کچھ منصوبے آزادکشمیر میں بھی ہیں، ہمیں اقتصادی راہداری پرتحفظات ہیں۔وی کے سنگھ نے کہاکہ بھارتی حکومت نے آزاد کشمیر میں چین کی سرگرمیوں کے معاملے پراپنی تشویش سے بیجنگ سے اعلیٰ سطح پر رابطہ کر کے ان سرگرمیوں کوفوری بندکرنے کوکہا ہے۔ اُدھر راجیہ سبھا میں ضمنی سوالات کے جواب میں وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے ملک میں داعش کے قدم جمانے سے متعلق خدشات کومستردکرتے ہوئے کہاکہ ہم اس تنظیم کو بھارت میں قدم نہیں جمانے دیگا۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ بھارت میں اسلامک اسٹیٹ کے تعلق سے تشویش کی صورتحال نہیں ہے۔اس تنظیم کے پیر ملک میں جم نہیں پائیں گے۔