راولپنڈی:(اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف تمام سازشوں سے آگاہ ہیں اور اقتصادی راہداری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کورکمانڈرز، پرنسپل اسٹاف افسران سمیت تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی جب کہ کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں فوجی جوانوں کی قربانیوں کو سراہا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور قوم ایک دہائی سے دہشت گردی سے متاثر ہے، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ افسروں اور جونواں کی کاوشوں سے ضرب عضب حتمی مرحلے میں ہے اور پاک فوج نے قوم کے عزم سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی جب کہ فوج قوم کی توقعات پر ہمیشہ پورا اترے گی۔ پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف تمام سازشوں سے آگاہ ہیں اور اقتصادی راہداری کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔