قومی دفاع

امریکانےایف 16طیارے نہ دیئےتوہم حاصل کرلیں گے:خواجہ

اسلام آباد:(آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اگر امریکا سے ایف 16 طیاروں کی خریداری کامسئلہ حل نہ ہوا تو ملکی دفاع کی خاطر دیگر ممالک سے جیٹ طیارے خرید لیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ایف 16 طیاروں کا حصول ہمارا حق ہے ہم خطے میں امن کے قیام کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کے اتحادی ہیں، امریکا کی جانب سے ایف 16 طیاروں کی فراہمی روکنا آپریشن ضرب عضب کو متاثر کرے گا۔ ایک جانب بھارت کو پوری دنیا ایٹمی ہتھاروں سے لیس کررہی ہے اور دوسری جانب پاکستان کو چند ایف 16 طیارے بھی نہیں دیئے جارہے جو زیادتی ہے۔ پاک امریکا تعلقات میں اتارچڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن مجموعی طور پر دونوں ملکوں کےدرمیان تعلقات بہتر ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ ایف 16 طیاروں کی فراہمی کے حق میں ہے لیکن ایوان زیریں کانگریس میں اس کی مخالفت کی جارہی ہے۔ امریکا میں پاکستان مخالف متعدد لابیز بھی کام کررہی ہیں جن میں بھارت سرفہرست ہے۔ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو اپنے دفاع کےلئے کسی بھی دوسرے ملک سے دفاعی ساز و سامان سمیت جیٹ طیارے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا حقانی نیٹ ورک اورشکیل آفریدی کا معاملہ اٹھاتا ہے۔ شکیل آفریدی ہو یا حقانی گروپ ہمارے لئے سارے ہی نیٹ ورک برے ہیں، شکیل آفریدی پاکستان میں کئی جرائم میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف کارروائی بھی چل رہی ہے یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے جب کہ حقانی نیٹ ورک سے متعلق امریکا کو آگاہ کرچکے ہیں ۔ ہم بلا امتیاز آپریشن کررہے ہیں۔