کراچی:(اے پی پی ) پاکستان اورامریکا کے درمیان تعلقات میں تناؤدورکرنے کیلیے حالیہ مذاکرات میں معمولی پیش رفت ہوئی ہے تاہم پاکستان نے واضح کردیاہے کہ جب تک امریکا پاکستان کے خدشات اورتحفظات دورکرنے کی یقین دہانی نہیں کرائے گامذاکراتی عمل کی کامیابی ممکن نہیں ہوگی۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے حکام نے اتفاق کیا ہے کہ مسائل کے حل کیلیے ڈائیلاگ کاسلسلہ جاری رکھاجائے گا۔ مذاکرات کے اگلے دورخارجہ حکام کے علاوہ وزرائے خارجہ کی سطح پرہوں گے، پاکستان اس معاملے پرامریکی صدرسے بھی بات چیت کرے گا، پاکستان نے امریکا کے ساتھ مستقبل میں مربوط تعلقات کی مکمل بحالی اورتعاون کوڈرون حملے نہ کر نے اورفنڈ کے اجراپرعائد پابندی ختم کرنے کی یقین دہانی سے مشروط کردیاہے۔ امریکی وفد نے پاکستان کو آگاہ کیاہے کہ پاکستان کے تحفظات اور خدشات کو امریکی اعلیٰ حکومتی شخصیات تک پہنچایا جائے گا اور ان کو بات چیت سے دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پاکستان اور امریکی حکام کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور پر ڈیڈ لاک دور کرنے کیلیے مذاکرات کی مزیدنشستوں کاانعقاد کیاجائے گا۔