قومی دفاع

امریکا کی ریپبلکن پارٹی کوپاکستان کےایٹمی اثاثےکھٹکنےلگے

نیویارک:(اے پی پی) امریکی ری پبلکن پارٹی نے اپنی مستقبل کی پالیسیوں کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کے متعلق بھی اس جماعت کے خطرناک ارادے بے نقاب ہوگئے۔ مستقبل کی ان پالیسیوں کا اعلان ری پبلکن جماعت نے اپنے 58صفحات پر مشتمل انتخابی منشور میں کیا جو حال ہی میں کلیولینڈ میں ہونے والے پارٹی کنونشن میں منظرعام پرلایا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت حکومت ملنے پربھارت کواپنا قریبی اتحادی بنانے کی خواہش مند ہے جبکہ پاکستان اور چین کے متعلق اس کی پالیسی یکسر مختلف ہے۔ منشورکے ایک پیراگراف میں بھارت کو’’ہمارا قریبی جغرافیائی سیاسی اتحادی‘‘ اور’’اسٹرٹیجک تجارتی پارٹنر‘‘ کہا گیا ہے۔ اس کے برعکس کئی معاملات میں چین کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا اعلان کیا گیا ہے اورپاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سیکیورٹی پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انھیں ’محفوظ‘ بنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔