واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے پاکستانی سرزمین ہمسایہ ممالک کے خلاف استعمال نہ ہونے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ پاکستان کی حکومت اس پر عمل کرے گی۔ وائٹ ہاؤس کے سینئر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کا یہ بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے دیکھنا ہے کہ پاکستان اس پر کس طرح عمل پیرا ہوتا ہے۔ سینئر عہدیداروں نے پریس بریفنگ میں کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان سے پہلے وزیراعظم نواز شریف بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کی سرزمین کو ہمسایہ ممالک پر حملے کے لئے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا تاہم جنرل راحیل شریف کی طرف سے دیا گیا بیان اس لئے اہمیت کا حامل ہے کہ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں‘ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور فوجی اسٹیبلشمنٹ سے واضح طور پر کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان اس پر کس طرح عمل پیرا ہوتا ہے۔ ایک سوال پر سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مسئلہ نیا نہیں ہے تاہم گزشتہ برسوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف موثر کارروائی کی اور اس جنگ میں کافی جانی نقصان بھی اٹھایا تاہم اس کے باوجود پاکستان میں انتہا پسند گروپوں کی موجودگی برقرار ہے اس مسئلے کو ہم حکومت پاکستان کے ساتھ مسلسل اٹھاتے رہے ہیں۔ پاکستان نے طالبان ‘ حقانی نیٹ ورک‘ القاعدہ اور دیگر گروپوں کے خلاف کارروائیوں میں یقیناً ہم سے تعاون کیا ہے اور ان گروپوں کے خلاف کافی اقدامات اٹھائے گئے ہیں تاہم پاکستان پر اس سلسلے میں دباؤ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ پاکستان کے اپنے سکیورٹی مفادات میں ہے۔ (ن غ)