واشنگٹن(آئی این پی) امریکی بحریہ نے بیرون ملک فروخت کے پروگرام کے تحت پاکستان کے لیے 9 اے ایچ ون زیڈجنگی ہیلی کاپٹر کا کنٹریکٹ جاری کر دیا،امریکی کمپنی بیل نے پاکستان کے لیے یہ جنگی ہیلی کاپٹرز تیار کرنے کا کنٹریکٹ حاصل کیا ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس کنٹریکٹ کے لیے جاری ہونے والی رقم 17 کروڑ ایک لاکھ 73 ہزار 188 ڈالرز (17 ارب 81 کروڑ 28 لاکھ 79 ہزار روپے)ہے۔اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹرز کی تیاری کا کام ستمبر 2018 تک مکمل ہوگا۔بیل اے ایچ ون زیڈ دو انجن والا ہیلی کاپٹر ہے جو اے ایچ ون ڈبلیو سپر کوبرا ہیلی کاپٹرز کی اپ ڈیٹڈ شکل ہے،جسے امریکی میرینز نے اپ ڈیٹ کرکے موجودہ شکل دی ہے۔واضح رہے کہ یہ انتہائی تیز رفتار ہیلی کاپٹرز شمار ہوتے ہیں۔بیل ہیلی کاپٹرز کی ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار کے مطابق یہ 250 میل (400 کلو میٹر) فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔ان ہیلی کاپٹرز میں بھاری میزائل لے جانے اور حملے کی صلاحیت بھی موجود ہے اور یہ 426 میل (610 کلو میٹر) کی حدود میں ہدف کو نشانہ بنانا سکتے ہیں۔گزشتہ برس اپریل 2015 میں امریکی محکمہ دفاع نے پاکستان کو ممکنہ طور پر 15 اے ایچ ون زیڈ ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔6 اپریل 2015 کو امریکی محکمہ دفاع نے پاکستان کو مجموعی طور پر 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالر (99 ارب 45 کروڑ روپے) کے دفاعی سازو سامان کی فروخت کی منظوری دی تھی، جن میں اے ایچ ون زیڈ ہیلی کاپٹرز اور اے جی ایم-114 آر ہیل فائر ٹو میزائل سمیت دیگر ساز وسامان کی فروخت اور تربیت بھی شامل تھی۔رواں برس کے شروع میں امریکا نے پاکستان کو آٹھ F-16 جنگی طیاروں کی فروخت کی بھی منظوری دی تھی، ان طیاروں کی مالیت 700 ملین ڈالرز( 73 ارب 27 کروڑ 50 لاکھ روپے) تھی۔واضح رہے کہ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سِپری) کی حالیہ دنوں میں جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان 2015 میں دنیا کے سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں نویں سے دسویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ 2015 میں دنیا کے سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں سعودی عرب پہلے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر رہا۔2014 کی اس فہرست میں بھارت سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والے ملک کے طور پر سامنے آیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 2015 میں 735 ملین ڈالرز (76 ارب 93 کروڑ 96 لاکھ روپے) کا اسلحہ درآمد کیا جبکہ بھارت کا یہ حجم 3 ہزار 78 ملین ڈالرز( 322 ارب 18 کروڑ 97 لاکھ روپے ) رہا۔پاکستان نے سب سے زیادہ اسلحہ چین سے درآمد کیا جس کی مالیت 565 ملین ڈالرز (60 ارب روپے) تھی، جبکہ اس کے بعد اسے امریکا نے 66 ملین ڈالرز (6ارب 90 کروڑ 85 لاکھ 50 ہزار روپے) کا اسلحہ برآمد کیا۔