واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی جنرل رک بی میٹسن نے پاک فضائیہ کے جذبے لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی زبردست تعریف کی ہے۔ میجر جنرل رک بی میٹسن نے کہا کہ پاک فضائیہ نے مشن کے دوران منفرد مہارتوں کا مظاہرہ کیا اور دوسروں کے ساتھ تعاون سے اپنے اہداف کے حصول کی زبردست صلاحیت ثابت کی۔ مشترکہ مشق میں حصہ لینے کے لئے پاک فضائیہ کے پائلٹس ایف 16- سی / ڈی طیاروں کے ساتھ 77 ہزار میل پرواز کرکے امریکی ریاست نیواڈا پہنچے جہاں انہوں نے ریڈ فلیگ 16-4 نامی مشقوں میں حصہ لیا۔ میجر جنرل رک بی میٹسن جو آفس آف ڈیفنس ریپریزنٹیٹو پاکستان کے سربراہ بھی ہیں نے کہا کہ جب آپ کے پاس اس قدر پیشہ ورانہ ‘ تربیت سے لگن رکھنے والی فورس ہو تو آپ یقیناً اپنے اہداف بہتر انداز میں حاصل کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے ارکان نے مشقوں کے دوران نہ صرف بہترین پیشہ ورانہ مہارتوں بلکہ دوسروں سے تعاون کا بھی زبردست مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دستیاب ٹیکنالوجی سے بہترین انداز میں کام لیا اور ہم اس حوالہ سے ان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے اس موقع پر پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ ہمارے مشترکہ اہداف کے حصول میں ایف 16- طیاروں نے مرکزی کردار ادا کیا ۔ سٹریٹجیک سطح ‘ صلاحیت میں اضافے اور زمین پر اہداف کے حصول کے حوالہ سے ایف 16- طیارے انتہائی مفید ہیں۔ میجر جنرل رک بی میٹسن نے بتایا کہ وہ طویل عرصہ تک مشرق وسطیٰ میں تعینات رہے لیکن پاک فضائیہ کے نہ صرف پائلٹس بلکہ لڑاکا طیاروں کی دیگر بحالی اور مرمت کرنے والے عملہ نے بھی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مشترکہ مشق سے دونوں ممالک کی فضائی افواج کو ایک دوسرے کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملا اور انہیں حقیقی صورتحال میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملا۔ ایئر وائس مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فوجی مشقوں اور خطہ میں جاری سرگرمیوں دونوں صورتوں میں ایک دوسرے سے بہترین تعاون کا مظاہرہ کیا ہے اور امید ہے اس تعاون میں مستقبل میں اضافہ ہوگا۔