لاہور:(آئی این پی)پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے لاہور کا دورہ کیا، جس کے دوران میں انہوں نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی اور لاہور کے گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خوفناک حملے کے حوالے سے تعزیت کا اظہار کیا۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ امریکی سفیر نے طالب علموں، رائے عامہ کے راہنماؤں اور لاہور کی مسیح برادری کے قائدین سے بھی ملاقاتیں کی۔ انہوں نے تاریخی گرجاگھرسیکریڈ ہارٹ کیتھڈرل کا بھی دورہ کیا۔