واشنگٹن :(اے پی پی) امریکا نے لاہور میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے اپنے بیان میں گلشن اقبال پارک لاہور میں دہشتگردی جس میں درجنوں معصوم شہری جاں بحق اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ترجمان نے کہا کہ ہماری دعائیں لاہور کے مکینوں کے ساتھ ہیں جنھوں نے مشکل صورتحال کا جواں مردی سے مقابلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حملوں سے دنیا بھر میں دہشتگردی کے تدارک کیلئے ہمارے مشترکہ عزم کو مزید تقویت ملی ہے اور ہم خطے سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور دیگر دوست ملکوں کے ساتھ اشتراک عمل جاری رکھیں گے۔