قومی دفاع

امریکی ڈرون حملہ؛ پاکستانی طالبان کمانڈر شیرعالم محسود ہلاک

وانا / کابل:(اے پی پی) پاک افغان بارڈرکے قریب ڈرون حملے میں تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر سمیت 4 طالبان ہلاک ہوگئے۔ گزشتہ شام انگور اڈہ کے قریب افغانستان کے علاقہ لامن میں امریکی جاسوس طیارے نے چلتی گاڑی پر2 مزائل فائرکردیے جس میں شہریارمحسود گروپ کے اہم کمانڈرشیرعالم محسود 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگئے۔ مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں میں داعش کے 21جنگجو ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ سرکاری حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز ننگرہارکے ضلع آچین میں امریکی جاسوس طیارے نے شدت پسند تنظیم داعش کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا،اس کارروائی میں داعش کے 21جنگجو ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے، حکام کے مطابق مرنے والوں میں غیرملکی بھی شامل ہیں تاہم ان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ افغان فورسز نے صوبہ ہلمند میں آپریشن کے دوران 32 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ افغان فضائیہ نے ہلمند میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ،اس کارروائی میں 5 خطرناک کمانڈروں سمیت 32 طالبان جنگجووں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے۔ حکام کے مطابق کارروائی میں 16دیگر افراد زخمی ہوئے۔ صوبہ نیمروز میں طالبان کے ایک گروپ نے نیمروز میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پرحملہ کردیا، اس حملے میں9 افغان فوجی ہلاک اور5 زخمی ہوگئے۔ دریں اثنا طالبان نے جنوبی صوبہ ارزگان کے ایک اہم ضلع پر قبضہ کرلیا ہے۔