راولپنڈی (ملت + آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحری مشقیں امن 2017ء کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امن مشقیں عالمی سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے شاندار کر دار کا ثبوت ہیں،امن 2017ء مشقیں اہم قومی سنگ میل ہیں۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آپریشن ردالفساد اور ملٹری آپریشنز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے بحری مشقیں امان 2017ء کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے نیول چیف کو مبارکباد دی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن مشقیں اہم قومی سنگ میل اور عالمی سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے شاندار کردار کا ثبوت ہیں۔