اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے علاقائی امن کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے علاقائی اقدامات ناگزیر ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، دہشت گردوں کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ وہ جمعرات کو پاکستان میں کینیڈین ہائی کمشنر ہیتھر کروڈن سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات مضبوط دوستی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عالمی امن و امان و استحکام کیلئے یکجا ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی امن کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، باہمی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، انتہائی پسندی کے خاتمے کیلئے علاقائی اقدامات ناگزیر ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں توانائی اور دفاع کے شعبے میں کینیڈا کا تعاون قابل تعریف ہے، پاکستان میں دفاعی پیداوار اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ ملاقات میں کینیڈین ہائی کمشنر ہیتھر کروڈن نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کیلئے وزیراعظم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے انتہاء پسندی کی سوچ کے خاتمے کیلئے بہترین اقدامات کئے، حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، افغانستان میں امن و ترقی کیلئے وزیراعظم نواز شریف کی سیاسی بصیرت قابل تعریف ہے۔(اح)