قومی دفاع

انسداددہشتگردی اور سی پیک کی کامیاب تکمیل کیلئے چین کیساتھ مشترکہ اقدامات کے خواہاں ہیں،آرمی چیف

بیجنگ (ملت + آ ئی این پی) آ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات قائم ہیں،سی پیک منصوبے کی تعمیر دونوں ملکوں کی معاشی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، منصوبے سے دیگر علاقائی ممالک بھی مستفید ہوں گے، پاکستان چین کیساتھ انسداد دہشت گردی اور سی پیک منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لئے مشترکہ اقدامات کا خواہاں ہے جبکہ چینی مرکزی دفاعی کمیٹی کے نائب چیرمین نے کہا چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ دی بیلٹ ایند روڈ کی تعمیر کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، اس کی سلامتی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں ، دونوں افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جاناچاہتے ہیں ۔ جمعرات کو چائنہ ریڈیوانٹرنیشنل کے مطابق چین کی مرکزی دفاعی کمیٹی کے نائب چیئرمین فان چھانگ لونگ نے بیجنگ میں چین کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں دو نوں ممالک کی افواج کے درمیان تعلقات اور علاقائی سلامتی سمیت مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر فان چھانگ لونگ نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ دی بیلٹ ایند روڈ کی تعمیر کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ملکوں کی اعلی قیادت اسے نمایاں اہمیت دیتی ہے اور اس حوالے سے اب تک اہم پیش رفت دیکھنے میں آ ئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں میں چین اور پاکستان کی افواج کے درمیان عسکری تبادلوں، مشترکہ تربیت و فوجی مشقوں اور عسکری جامعات کے درمیان دو طرفہ تبادلوں سمیت دیگر شعبوں میں ہمہ گیر تعاون کا سلسلہ جاری ہے ۔ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کی سلامتی کے حوالے سے چین پاکستان کی موثر کوششوں کو سراہتا ہے ۔ چین پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے تاکہ دونوں افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے کی تعمیر دونوں ملکوں کی معاشی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔اس منصوبے سے دیگر علاقائی ممالک بھی مستفید ہوں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چین کیساتھ انسداد دہشت گردی اور سی پیک منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لئے مشترکہ اقدامات کا خواہاں ہے ۔