اسلام آباد:(آئی این پی)ایٹمی دھماکوں کی یاد میں یوم تکبیر آج منایا جا رہا ہے ، اسلام آباد میں چاغی ماڈل برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا ، ملتان میں مشعل بردار ریلی نکالی گئی ، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور گھڑ ڈانس کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ ریلی میں خواتین کارکن بھی شریک تھیں، مشعل بردار کارکنوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے ۔ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے ۔ 18 سال قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا جس کے ساتھ ہی ملکی دفاع نا قابل تسخیر ہو گیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے تمام تر عالمی دباؤ کے باوجود بلوچستان کے ضلع چاغی کے راس کوہ پہاڑی سلسلے میں قمبر پہاڑ پر ایٹمی دھماکے کئے ۔ اس دن کی یاد میں ہر سال ملک بھر میں یوم تکبیر انتہائی جو ش و خروش سے منایا جاتا ہے ۔