آرمی چیف اور ارکان پارلیمنٹ کا ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کا عزم
راولپنڈی(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ارکان پارلیمنٹ نے مشترکہ ذمہ داری اور کوششوں سے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹیوں کے ارکان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ کو بہتر ہوتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمیٹیوں کے ارکان کو سرحد کی صورتحال اور امن کے قیام میں پاک فوج کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ کے وفد کی قیادت سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کر رہے تھے جنہوں نے یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکا، پاکستان اور افغانستان کے سہ فریقی مذاکرات ہوئے اور پاکستان جانب سے 6 رکنی وفد کی قیادت ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سہ فریقی مذاکرات میں تینوں فریقین نے خطے سے داعش کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور فیصلہ کیا کہ داعش کا خاتمہ مزید تعاون اور مشترکہ کوششوں سے ہی ہوسکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مذاکرات کے دوران باہمی مفادات اور تحفظات پر گفتگو کی گئی جب کہ شرکا نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے جس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ اجلاس بھی ہوا جس میں سرحد پار فائرنگ، انسداد دہشت گردی اور دونوں ممالک کا اپنے اپنے علاقوں میں آپریشن اور قیدیوں کے تبادلے پر غور بھی کیا گیا۔