مردان:(اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف مردان پہنچ گئے جہاں انہوں نے مردان دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ آج صبح مردان میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف مردان پہنچ گئے۔ ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل حیات الرحمٰن بھی موجود تھے۔ آرمی چیف نے اسپتال میں دہشت گرد حملے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ اس دوران وہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے بھی ملے۔ آرمی چیف کے دورے کے دوران ضلعی انتطامیہ اور خیبر پختونخوا کے صوبائی وزرا بھی وہاں موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورے کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات تو کیے گئے تاہم عام لوگوں کو تکلیف نہیں دی گئی۔ ان کے دورے کے دوران مریض اسپتال میں آتے رہے جبکہ اسپتال کے اندر عام گاڑیاں بھی گھومتی رہیں۔ آج صبح صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں ضلع کچہری گیٹ کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجہ میں 4 پولیس اہکاروں اور 3 وکلا سمیت 12 افراد جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل آج ہی علیٰ الصبح پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر واقع کرسچن کالونی میں 4 دہشت گرد ناپاک عزائم لے کر داخل ہوئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیر لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد دستی بم، ایس ایم جی گنوں اور خود کش جیکٹ سے مسلح تھے۔