راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایران کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل ڈاکٹر محمد باقری نے جنرل ہیڈ کواٹر (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سلامتی کی صورتحال سمیت دفاعی تعاون اور پاک ایران سرحدی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک ایران فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک ایران فوجی تعاون خطے میں امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال پر مثبت اثر ڈالےگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمانوں نے پاک ایران بہتر تعلقات کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا جب کہ ایرانی وفد نے پاکستان میں دہشتگرد حملوں کی بھی مذمت کی۔