قومی دفاع

آرمی چیف کادہشتگردی کےخلاف آپریشن جاری رکھنےکا اعلان

راولپنڈی: (آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں کومبنگ اور انٹیلی جنس آپریشنز جاری رہیں گے۔ ٹارگٹ حاصل کئے بغیر فوج وزیرستان سے واپس نہیں جائے گی۔ دہشت گردوں کو دوبارہ نہیں آنے دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے وزیرستان کے قبائلی بھائیوں کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں کو کبھی وزیرستان میں واپس آنے نہیں دیا جائے گا۔ خفیہ معلومات پر ملک گیر کومبنگ آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہیں گے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج کی توجہ معقول بارڈر مینجمنٹ پر ہے تا کہ سرحد کے آرپار نقل و حرکت کو روکا جائے۔ آرمی چیف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے دورہ کے دوران میران شاہ رزمک مکین دو رویہ سڑک اور شولماں میں 100 بستروں کے ہسپتال کا افتتاح کیا۔ انہوں نے آپریشن ضرب کے آخری مرحلے میں مصروف جوانوں کے ساتھ وقت گزارا۔