راولپنڈی: (آئی این پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ٹیلی فون کرکے لارڈز کے میدان میں تاریخی فتح سمیٹنے پر مبارکباد دی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو لارڈز میں تاریخی فتح پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کو بہترین ٹیم ورک پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ امید ہے پاکستانی ٹیم اچھی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھے گی۔ گوروں کو ان کے گھر میں شکست دینے کا عزم لے کر لارڈز کے گراؤنڈ میں اترنے والے شاہینوں نے انگلینڈ کے شیر میدان میں ڈھیر کر دیئے۔ قومی ٹیم نے دورہ انگلینڈ کیلئے بوٹ کیمپ میں پاک فوج کے ٹرینرز کو سلام پیش کیا اور بھرپور انداز میں پش اپس لگائے۔ کپتان نے جیت کو کیرئیر کی بہترین فتح قرار دیا اور اسے دکھی انسانیت کے مسیحا عبدالستار ایدھی کے نام کر دیا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کھلاڑیوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ آج یاسر شاہ اور عامر کیلئے یادگار دن ہے۔