قومی دفاع

آرمی چیف کا ملک بھر میں خصوصی کومبنگ آپریشن کا حکم

کوئٹہ: (اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کو شکست فاش ہوئی۔ اب دہشتگردوں کی توجہ بلوچستان کی طرف ہو گئی ہے۔ کوئٹہ میں ہونے والے حملے کا مقصد بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال کو خراب کرنا تھا۔ حملہ خصوصی طور پر اقتصادی راہداری کے خلاف ہے۔ صورتحال سنبھالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان میں خصوصی کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ انٹیلی جنس ادارے ملک بھر میں دہشتگردی میں ملوث کسی بھی شخص کو نشانہ بنا سکیں گے۔ آرمی چیف نے انٹیلی جنس اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کوئٹہ واقعے سے جڑے کسی بھی فرد کو ٹارگٹ کرنے کیلئے ملک میں جہاں بھی جانا پڑے جائیں۔