یوم دفاع و شہدا پر پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذزانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور وہ شہید پولیس سب انسپکٹر کے گھر بھی گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ شہید سب انسپکٹر عباس کے گھر گئے اور ان کی اہلیہ اور بیٹے سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے وطن عزیز کے لیے قربانی دینے والے شہید عباس اور تمام شہدا کے لیے دعا کی اور کہا کہ ان شہدا نے مملکت خداداد پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’ہماری زندگیاں پاکستان کے لیے وقف ہیں‘۔
اس موقع پر شہید سب انسپکٹر عباس کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے نے مجھے بہت ہمت دی اور کہا کہ ہمت نہیں ہارنی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخرہے کہ میرے دونوں بیٹوں کی جانیں اس وطن کے لیے ہیں اور میں آرمی چیف اور ان کی اہلیہ کی شکر گزار ہوں کہ وہ یہاں آئے۔
اس موقع پر شہید عباس کے بیٹےکا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میرے والد نے اپنے فرائض منصبی نبھاتے ہوئے وطن کی خاطر جان قربان کی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف برسرز پیکار ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے والد نے پیغام دیا کہ ہم کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اسی مشن کو لے کر میں آگے چل رہا ہوں۔
شہید عباس کے بیٹے نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میرے گھر آئے اور میرے والد کی قربانیوں کو سراہا، آج ان کے دورے نے میرے اندر ایک نئی روح پھونک دی ہے اور اگر مجھے موقع ملا تو وطن عزیز کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔
خیال رہے کہ پاک فوج کی جانب سے یوم دفاع 2018 پر شہدا کو منفرد انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے اور اس کا عنوان ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ رکھا گیا ہے۔