راولپنڈی:(اے پی پی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں، بہنوں اور بھائیوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وحشی درندوں کو عوام کی زندگیوں اور آزادی سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت اعلی سطح کے سیکورٹی اجلاس لاہور میں دہشت گردی کے واقعہ کی ابتدائی معلومات کا جائزہ لیا گیا۔ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی نے اجلاس میں شرکت کی۔ آرمی چیف نے خفیہ ایجنسیوں کو لاہور واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ وحشی درندوں کو عوام کی زندگیوں اور آزادی سے نہیں کھیلنے دیا جائے گا،ہم معصوم بچوں، بہنوں اور بھائیوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔