پسرور:(اے پی پی) وطن کی مٹی گواہ رہنا! تاجکستان میں پیشہ وارانہ ٹریننگ کی غرض سے گئے ہوئے پاکستان آرمی کے میجر نے وطن واپسی پر ایئر پورٹ پر قدم رکھتے ہی پاک سر زمین کو بوسہ دیا، اہل خانہ کو سلام کیا اوردم توڑ گئے۔ نواحی گاؤں گودھا کے رہائشی میجر مدثر عباد ٹریننگ کے سلسلے میں گزشتہ 3ماہ سے تاجکستان میں مقیم تھے، گزشتہ روز ٹریننگ مکمل کرکے وطن واپس آئے جیسے ہی وہ لاہور ایئر پورٹ پر اترے تو انھوں نے پاک سرزمین کو بوسہ دیا اور ایئر پورٹ سے باہر آئے جہاں ان کی فیملی انھیں خوش آمدید کہنے کیلیے موجود تھی، میجر مدثر نے استقبال کیلیے آنے والے اہل خانہ کو فوجی انداز میں سیلوٹ کیا اور آرام سے زمین پر بیٹھ گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے خالق حقیقی سے جا ملے، ان کے اہل خانہ ان کی اچانک وفات سے سکتے میں آگئے۔ ان کی وفات پر پاک آرمی کے جوانوں نے ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ گاؤں لا کر سپرد خاک کیا اور انھیں باقاعدہ گارڈ آف آنر دیا گیا، نماز جنازہ میں گیریژن کمانڈر سیالکوٹ ، پاک آرمی کے دیگر افسران ، اے سی پسرور ظہیر لیاقت اور ہزاروں افراد نے شرکت کی ، ان کی وفات پر بار ایسوسی ایشن پسرور کے وکلا نے بھی یوم سوگ منایا اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے، میجر مدثر عباد نے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔