راولپنڈی(ملت آن لائن)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور آپریشن خیبرفور پر افغان وزارت دفاع کا رد عمل بلاجواز قرار دیدیا۔
گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پاک فوج کے آپریشن خیبرفور کے آغاز کا اعلان کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ آپریشن خیبرفور خیرایجنسی کی وادی راجگال سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے شروع کیا جارہاہے۔
پاک فوج کی جانب سے آپریشن خیبرفور کے اعلان پر افغانستان کی جانب سے اعتراض سامنے آیا تھا جسے آئی ایس پی آر نے بلاجواز قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان وزارت دفاع کا آپریشن خیبر فور پر ردعمل بلاجواز ہے، یہ ردعمل پاک افغان کوآرڈی نیشن کے لیے پاک فوج کی کوششوں کےمنافی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن خبیر فورسے متعلق اطلاع افغان اوراتحادی افواج سے شیئر کی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک فوج افغانستان کی جانب سےاعتماد پرمبنی سیکیورٹی تعاون کی خواہاں ہے، الزام تراشی کا پرانا عمل امن دشمنوں کا ایجنڈا ہے لہٰذا خطے کے امن کے لیے الزام تراشی سےاحتراز کرنا ضروری ہے۔