اسلام آباد(ملت آن لائن)ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز نے صوبہ پنجاب ، خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3کامیاب کارروائیوں میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے دو مشترکہ آپریشنوں میں 7 مشتبہ افراد گرفتار اور غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ یہ آپریشن اسلام آباد کے علاقے نیلور اور منڈی بہاوالدین میں کیے گئے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گردہلاک کردیے گئے۔ دہشت گرد دیوانا بابا زیارت کے قریب فوجی چوکی پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔
دہشت گردوں سے خودکار رائفلز، پستول، گرنیڈز، موبائل فون اوردیگر تخریبی مواد برآمد ہوا ہے۔