راولپنڈی:(آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے کاآغاز کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے مشن میں کامیابی حاصل کریں گے۔ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال کے دورے کے موقع پرکیا۔ انہوں نے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات بھی کی۔آئی ایس پی آرکے مطابق جنرل راحیل شریف کو پاک افغان سرحدی علاقے شوال اور دتہ خیل میں آپریشن میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب کا آخری مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کوتنہا کرکےملک میں ان کے سہولت کاروں سےرابطے ختم کیےجائیں۔دہشت گردوں اور ان کے خفیہ ٹھکانوں کا خاتمہ کیا جائے،پاک فوج آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے کے لیے تیار ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شوال کے دورے میں آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ شوال میں دہشت گردوں کے لیے مقامی لوگوں کی حمایت کو مکمل ختم کردیاگیا اورشوال میں آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے کاآغازہوگیا ہے۔