کراچی (آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے،ہمسائیوں سے خوشگوار تعلقات چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، جے ایف17تھنڈرطیارے پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہے، پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، توقع ہے فضائیہ اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔وہ پیر کو مسرور بیس میں پاک فضائیہ کے اسکوارڈن2 کو جے ایف17تھنڈر طیارے دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر دفاع نے بطور مہمان خصوصی پی اے ایف اسکوارڈن2 کا معائنہ بھی بھی اور سیکنڈ اسکوارڈن کو پرچم عطاء کیا۔ تقریب کے آغاز میں قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس موقع پر ایئرچیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فضائیہ کو جدید آلات سے لیس کرنے کی تقریب میں شرکت پر خوشی ہے، آج کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاک فضائیہ نے دنیا میں بہترین فضائی فوج کا مقام حاصل کیا ہے اور ہمیشہ قوم کے توقعات پر پورا اتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، توقع ہے کہ فضائیہ اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی، پاک فضائیہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید آلات سے لیس کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے ، ہمسائیوں سے خوشگوار تعلقات چاہتاہے، اپنی خودمختاری کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی تیاری میں چین کے تعاون کے شکرگزار ہیں، جے ایف 17تھنڈر طیارے پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل سہیل امان نے کہا کہ ملکی دفاع کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے گا، پاک فضائیہ کی تاریخ شہداء کی لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے، سیکنڈ اسکوارڈن نے ملکی دفاع میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا، ملکی دفاع ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دفاعی تعاون توازن انتہائی ضروری ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود ملکی دفاع کیلئے پرعزم ہیں، پاک فضائیہ کا ہر نوجوان ملکی دفاع کیلئے جان دینے کو ہمہ وقت تیارہے۔ایئرمارشل سہیل امان نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں ہے، ساحلی علاقوں میں بھی دفاعی مقاصد کیلئے پاک بحریہ سے تعاون کر رہے ہیں، دفاع کے شعبے میں چین کا تعاون قابل فراموش ہے، بہترین کارکردگی کیلئے پاک فضائیہ کا سیکنڈ اسکوارڈن قابل تعریف ہے، مستقبل کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے صلاحیت رکھتے ہیں۔ قبل ازیں ایئر چیف مارشل سہیل امان نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو اسکوارڈن کا نشان بھی پیش کیا۔(اح)