اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کیلئےتیار ہیں، خرم دستگیر
آزاد کشمیر :(ملت آن لائن) وزیر دفاع خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کیلئےتیار ہیں، 2017 میں ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ وزیر دفاع خرم دستگیر نے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کرکے مادر وطن کےدفاع کیلئے پاک فوج کے مورال کو سراہا۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹنٹ جنرل ندیم رضا بھی وزیر دفاع کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان کو ایل او سی پر تعینات جی او سی نے تازہ ترین صورتحال اور بھارت اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر دفاع نے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں ، شہریوں کی شہادت سے قوم کے حوصلے مزید مضبوط ہوئے، پاک فوج دشمن کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعاد ہ کیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیر دفاع نے بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر آباد عام شہریوں و نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں پر پاک فوج کا جواب خالصتاً پیشہ وارانہ رہا۔ خرم دستگیر نے کہا کہ دفاع وطن کےلیےپوری قوم پاک فوج کےشانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 2017میں ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کے ریکارڈٹوٹ گئے۔