اسلام آباد:(اے پی پی) پا ک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان سے عراق فضائیہ کے چیف لیفٹیننٹ جنرل انور حماد امین احمد نے ملاقات کی‘ دوطرفہ دفاعی تعاون‘ پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پی اے ایف کے مطابق عراقی فضائیہ کے ایک وفد نے پیر کو کما نڈر عراقی فضائیہ لیفٹینٹ جنرل انور حماد امین احمدکی سربراہی میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ مہمانوں کی ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ترجمان کے مطابق عراقی فضائیہ کے وفد کو بریفنگ بھی دی گئی جس میں انہیں پاک فضائیہ کے تنظیمی ڈھانچہ اور پیشہ وارانہ کردار سے آگاہ کیا گیا۔ عراقی فضائیہ کا وفد پاک فضائیہ کی دعوت پر پاکستان کے چار روزہ دورہ پر آیا ہوا ہے۔ اس دوران وفد پاک فضائیہ کے مختلف ایئر بیسز اور تنصیبات کا معائنہ کرے گا۔