اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ ایران اپنی سرزمین طالبان کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا‘ ملا اختر منصور جیسے کسی بھی شخص کو ایران کسی صورت سپورٹ نہیں کرسکتا‘ ایران خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے‘ طالبان نے ماضی میں ایرانی سفیروں کو قتل کیا‘ طالبان کو بعض عالمی قوتوں کی سرپرستی حاصل ہے‘ کلبھوشن یادیو کے ایران سے تعلق سے متعلق غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرکے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی۔ وہ جمعہ کو یہاں پاک ایران تعلقات سے متعلق سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر اور چاہ بہار حریف نہیں دوست بندرگاہیں بنیں گی ایران پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے۔ ایران گیس پائپ لائن پاکستان کی سرحد تک لے آیا ہے منصوبے پر دو ارب ڈالر خرچ کرکے ایران اپنے حصے کا کام مکمل کرچکا ہے۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر اور چاہ بہار اہم منصوبے ہیں جن سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کو سستی گیس فراہم کرے گا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ اس وقت ایران پاکستان کو 75میگا واٹ بجلی فراہم کررہا ہے مستقبل میں ایران پاکستان کو ایک ہزار میگا واٹ تک بجلی فراہم کرے گا۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتا۔ ملا اختر منصور کے بارے میں خبریں آئیں کہ وہ ایران سے پاکستان آیا جو غلط ہیں ایران دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی تمیز نہیں رکھتا۔ ملا اختر منصور جیسے کسی بھی شخص کو ایران کسی صورت سپورٹ نہیں کرسکتا۔ ملا اختر منصور ایران میں نہیں تھا ایران خود طالبان کی دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ طالبان نے ماضی میں ایرانی سفیروں کو قتل کیا۔ ایران گزشتہ سولہ سال سے طالبان سے متصادم ہے۔ طالبان کو بعض عالمی قوتوں کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے ایران سے تعلق سے متعلق غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی اس طرح کی خبریں پھیلا کر ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی۔ (ن غ)