جندروٹ سیکٹر: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 شہری شہید جب کہ خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جندروٹ اورتتہ پانی سیکٹرمیں سول آبادی کومارٹر گولوں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید ہوگئے۔ جاں بحق شہریوں کی شناخت 18 سالہ وقار یونس اور19 سالہ اسد علی کے نام سے ہوئی ہے جب کہ 30 سالہ محمد شہباز،35 سالہ شمائلہ، خورشید اور14 سالہ حفصہ شبیر زخمی ہوئیں۔ جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کا تعلق بھابھرا گاؤں سے ہے جب کہ زخمی دونوں خواتین چک رالی گاؤں کی رہائشی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ اطلاعات عامہ کے مطابق بھارتی جارحیت پر پاک فوج نے بھی بھر پور جواب دیا ہے اور بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
واقعے کے بعد بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکودفترخارجہ طلب کیا گیا اورایل اوسی پربھارتی فائرنگ اور2 شہریوں کی شہادت کے واقعے پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پرظلم و ستم کی نئی داستانیں لکھی جارہی ہیں اوردوسری طرف بین الاقوامی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بھی اشتعال انگیزی جاری ہے۔