ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ، دو خواتین سمیت 3 شہری زخمی
راولپنڈی:(ملت آن لائن) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایل او سی بٹل سیکٹر، تتہ پانی اور کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت تین شہری زخمی ہوئے جبکہ پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید 2 بچے زخمی
خیال رہے کہ 4 فروری کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 2 بچے زخمی ہوئے تھے۔ 15 جنوری کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔ اس سے قبل 8 دسمبر کو بھارتی فورسز نے چڑی کوٹ سیکٹر پر ایک جنازے پر بلا اشتعال فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی تھیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔