کراچی:(اے پی پی) متحدہ قومی موومنٹ کے 2 زیر حراست کارکنوں فہیم عرف مرچی اور ناصر عرف کھجی نے عدالت کے روبرو اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی ایجنسی را سے دہشت گردی کی تربیت لی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں دھماکا خیز مواد رکھنے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران گارڈن سے گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم کے کارکن فہیم مرچی اور ناصر کھجی نے اپنے اقبالی بیان میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی ہے ۔ انہوں نےکراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتیں کیں جن کے لئے انہیں اسلحہ سعید بھرم فراہم کرتا تھا جبکہ وارداتوں کے بعد وہ اسلحہ ایک خالی پلاٹ میں چھپا دیا جاتا تھا۔ ملزمان نے دھماکا خیز مواد رکھنے کا بھی اعتراف کیا ہے عدالت نے اعترافی بیان کے بعد ملزمان کو جیل بھیج دیا۔ ملزمان کو رواں سال فروری میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران گارڈن سے گرفتارکیاتھا۔ جبکہ رینجرز ترجمان کرنل شاہد نے بیان دیا تھا کہ فہیم ، ناصر اور ریاض 1994 میں کراچی سے سری لنکا اور پھر براستہ بینکاک بھارت گئے تھے جہاں انہوں نے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔