نیویارک: (آئی این پی) امریکی تھنک ٹینک ادارے اور کولمبیا یونیورسٹی سے وابستہ اسکالر جہانگیر خٹک نے ” دنیا نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے وہ کر دکھایا جو پاکستان کو کرنا چاہئیے تھا ۔ چین نے ہندوستان کے ماسٹر اسٹروک کو بڑی اچھی طرح روک کر ہندوستان کی این ایس جی رکنیت کو ایجنڈے میں شامل ہی نہیں ہونے دیا ۔ چین کی سفارتی کاری نے امریکہ سمیت دیگر بڑی طاقتوں کو بھی ایک پیغام دیا ہے کہ اُس خطے میں ہر قیمت پر ہندوستان کی اجارہ داری قبول نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اب سفارت کاری کے نئے محاذ کھلیں گے، اگر چین اپنا سخت رویہ اسی طرح برقرار رکھتا ہے تو پھر ہندوستان کا نیوکلیئر سپلائرز گروپ ( این ایس جی ) کی رکنیت حاصل کرنا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اُمید ظاہر کی تھی کہ ہم چین کو منا لیں گے اور این ایس جی کے رکن بن جائینگے ۔ اس بیان کے آتے ہی چین نے چھکا لگا کر ہندوستانی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ جہانگیر خٹک کا مزید کہنا تھا کہ نریندر مودی شطرنج کی چال کھیلتے ہیں اور ان کو پتہ ہے کہ انکے راستے میں چین سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، لیکن اس بار بھی چین نے شطرنج کے کھیل میں نریندر مودی کو مات دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ جو کام پاکستان نے کرنا تھا وہ کام چین کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایس جی کا قیام 1974ء میں ہندوستان کے نیوکلیئر دھماکوں کے بعد عمل میں آیا تھا ، لیکن افسوس کہ کچھ بڑی طاقتیں اسی ملک کو اس گروپ کا ممبر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس نے کھلم کھلا خلاف ورزیاں کیں ۔